Friday, 26 December 2014

"کمال علم سے حاصل ہوتا ہے"

۔ "کمال علم سے حاصل ہوتا ہے"

از قلم: چاہت محمد قریشی قاسمی
وہ علم ہی توہے جو انسان کو شرافت وتہذیب کا سرمایہ بخشتا ہے، عزت وعظمت کی دولت سے نوازتا ہے، اخلاق وعادات میں جلا پیدا کرتا ہے ،انسانیت کو انتہائی بلندیوں پر پہنچاتا ہے، بشریت کے تقاضوں سے روشناس کراتا ہے اور انسانوں کو زندگی گذارنے کا طریقہ سکھاتا ہے علم وہ دولت ہے جس کو نہ کوئی چرا سکتا ہے اور نہ کوئی چھیننے والا چھین سکتا ہے اور تقسیم کرانے والا اس کو تقسیم کرا سکتا ہے اور علم کو نہ آگ جلا سکتی ہے اور نہ اس کو دریا اور سمندر ڈبو سکتا ہے اور نہ اس کو کیڑے کھا سکتے ہیں۔ اور اتناہی نہیں آپ اور آگے چلئے اور کہئے کہ وہ علم ہی تو ہے جو قلب انسانی کو عرفان الہی کی مقدس روشنی سے منور کراتا ہے، ذہن وفکر کو صحیح عقیدے کی معراج بخشتا ہے اور دل ودماغ کو اللہ تعالی کی عبادت واطاعت گزاری کی راہ مستقیم پر لگاتا ہے۔
اسلام! جو انسان کے لئے ترقی اور عظمت کی راہ میں سب سے عظیم منارۂ نور ہے، وہ اس عظیم وصف کو انسانی برادری کے لئے ضروری قرار دیتا ہے اور اس کے حصول کو دینی و دنیوی ترقی کے لئے کامیابی کا زینہ بناتا ہے۔ ہاں یہ بات بھی ذہن نشیں کرلینی چاہئے کہ اسلام ہر اس علم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو اسلامی عقیدہ وعمل سے مزاحم ہوئے بغیر انسانی معراج کا ضامن ہو، اسلام کسی بھی علم کے حصول کو منع نہیں کرتا۔ لیکن ایسے علم سے بیزاری کا اظہار بھی کرتا ہے جو ذہن وفکر کو گمراہی کی طرف موڑدے، یا انسان کو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی طرف لگادے۔ اور یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ دینی علم دوسرے علوم کے مقابلہ میں اسلام کی نظرمیں سب سے مقدم اور ضروری ہے ، اور مذہب اسلام میں دینی علم کا حاصل کرنا فرض قرار دیا گیا ہے۔ چناچہ ارشاد نبوی ﷺہے علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔
اور ظاہر ہے اسلام جس زندگی کا تقاضہ کرتا ہے وہ اسی علم دین سے حاصل ہوتی ہے، اور اسلام بندے کو عبودیت کی جس معراج پر دیکھنا چاہتا ہے وہ علم دین ہی پر موقوف ہے ۔ علم دین ہی کی بنا پر انسان انسان بنتاہے اور بندہ اپنی حقیقت کو پہچان کر ذات حق کا عرفان حاصل کرتا ہے، نیز عقیدہ وعمل کے تمام راستے اسی سے کھلتے ہیں جن پر چل کر بندہ اپنے رب کا حقیقی اطاعت گذار ، رسول کا فرمابردار اور دین وشریعت کا پابند بنتا ہے۔ لہذا قرآن واحادیث میں بہت سی جگہ علم دین کے فضائل بیان کئے گئے ہیں اور حصول علم پر بہت سی بشارتیں سنائی گئی ہیں۔ کہیں علم دین کو نبی کی وراثت قرار دیا گیا ہے، کہیں فرمایا گیا ہے کہ جو علم دین حاصل کرتا ہوا مرے وہ شہید ہے ، کہیں آپ ﷺ نے بشارت سنائی ہے کہ علم دین وہ عظیم شئی ہے جو مرنے کے بعد بھی انسان کو نفع پہنچاتی ہے، نیز حدیث شریف میں آتا ہے کہ آپﷺ نے فرمایا کہ جو شخص علم دین حاصل کرنے کے لئے کسی راستہ پر چلے تو اللہ تعالی اس کے لئے جنت کا راستہ آسان کردے گا اور فرشتے طالب علم سے علم حاصل کرنے کی وجہ سے خوش ہوتے ہوئے اپنے بازو بچھا دیتے ہیں اور آسمان وزمین کی تمام مخلوق عالم کے لئے دعاء مغفرت کرتی ہیں، حتی کہ پانی میں رہنے والی مچھلیاں تک (عالم کے لئے دعائے مغفرت کرتی ہیں) عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہی جیسے چودہوی رات کے چاند کی فضیلت تمام ستاروں پر۔ (ابوداؤد ترمذی) حدیث پاک میں عالم کو چودہوی رات کے چاند سے اور عابد کو ستاروں سے اس لئے تشبیہ دی گئی ہے کہ جس طرح چاند خود بھی روشن ہے اور دوسروں کو بھی روشنی پہنچاتا ہے اسی طرح عالم دین اپنے علم سے خود بھی نفع اٹھاتا ہے اور مخلوق کو بھی نفع پہنچاتا ہے تو عالم چاند کے مشابہ ہوا ۔اور تشبیہ بھی چودہوی رات کے چاند سے دی جس میں چاند اپنے پورے شباب پر ہوتا ہے۔ شیخ سعدیؔ نے صحیح فرمایا ہے۔
بنی آدم از علم یابد کمال
نہ از حشمت جاہ و مال ومن

No comments:

Post a Comment