Friday, 20 March 2015

حوادث زمانہ اور ہم

حوادث زمانہ اور ہم

خامہ فرسائی: چاہت محمد قاسمی
مدرسہ فیض العلوم یاسینیہ گنگوہ

انسانی زندگی حادثات کا مجموعہ ہے،اور احوال کی تبدیلی انسانی زندگی میں بکثرت وارد ہوتی ہے، اسی لئے مقولہ مشہور ہے "وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا"؛  اچھے برے حالات انسانی زندگی کے ہمیشہ ساتھ لگے رہتے ہیں؛ اج تنگی ہے کل کشادگی، آج خوشی ہے کل غم، آج محبت ہے کل نفرت، آج وسعت ہے کل تنگدستی، آج غنا ہے کل فقر، آج مشکل ہے کل آسانی، آج پریشانیاں ہیں کل خوشیاں، آج فرحت و انبساط کا سماں ہے کل غم و الم کا پہاڑ؛ یہی انسانی زندگی ہے، یہی بشری و حوادث ہیں، اس لئے نہ کبھی مشکل، تنگدستی ، غم، اور پریشانیوں میں گھبرا کر آہ و بکا اور گریہ وزاری کرنی چاہئے اور نہ فرحت و انبساط وسعت و فراخی، اور غنا میں اترانا، تکبرکرنا اور اکڑنا چاہئے۔ مشکل، تنگی، غم، اور پریشانیوں میں ہمیشہ ہمت، حوصلے، جہد مسلسل، اولوالعزمی، مضبوط قوت ارادی سے کام لیں؛ اسی طرح فرحت و انبساط، وسعت و فراخی، اور غنا میں عجز و انکساری، ہمدردی و غمخواری، محبت و الفت کا مظاہرہ کریں۔
مذکورہ حوادث زمانہ کی کیفیت کے حساب سے احباب، مصاحب، یار رشتہ دار بھی مختلف الطبع ہوجاتے ہیں، فرحت و انبساط وسعت و فراخی، اور غنا میں جہاں چاپلوس، مفاد پرست، حاسدین، اور ریاکار قسم کے لوگوں سے سابقہ پڑتا ہے، تو وہیں پریشانیوں اور مشکل سے خمیدہ کمر مجبور شخص کو چند ٹھوکرے مزید مار کر اس کو پستی کی طرف دھکا دینے حضرات کی بھی کمی نہیں ہوتی؛ یہی دستور زمانہ ہے کہ گراتے کو گراؤ اور ابھرتے کو دیکھ کر بظاہر نعرہ لگاؤ، تاکہ کچھ فائدہ حاصل کیا جاسکے اور دل ہی دل میں اس کے بچ جانے پر صلواتیں سناؤ۔

اخیر میں آپ سے درخواست ہے کہ ہم اپنا محاسبہ ضرور کریں، کہ ہم کہاں ہیں؟ کیسے ہیں؟۔

دعا کا طالب
چاہت محمد قاسمی

No comments:

Post a Comment